لکھنؤ ،24؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) پچھلے کچھ عرصے سے زرعی قانون سمیت کئی دیگر مسائل پر اپنی ہی پارٹی کو گھیرنے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے ایک بار پھر اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جومشکل وقت میں کام نہ آئے ، وہ سرکارکس کام کی۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے لکھیم پور کھیری میں دھان فروخت نہ ہونے کی وجہ سے کسان کے ذریعہ اپنی فصل کو آگ لگانے کے بارے میں یہ بھی کہا کہ ہمیں زرعی پالیسی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ پچھلے کئی دنوں سے بارش ہونے کی وجہ سے پیلی بھیت اورلکھیم پور کھیری سمیت ترائی اضلاع میں سیلاب آیا ہے۔
سیلاب متاثرین کی مدد نہ ہونے پر بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے ٹویٹ کرکے اپنی پارٹی کی قیادت والی حکومت پر حملہ کیا۔انہوںنے ٹویٹ کیا کہ ترائی کا بیشتر علاقہ سیلاب سے بری طرح متاثر ہے۔ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو خشک راشن فراہم کیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی کنبہ اس آفت کے خاتمے تک بھوکا نہ رہے۔ بڑے افسوس کی بات ہے کہ جب عام آدمی کو انتظامی نظام کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے تو اس وقت اسے اس کے حال پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔ جب سب کچھ خود ہی کرنا ہے تو پھر سرکارکس کام کی؟